گزشتہ دنوں وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2019ء کی باضابطہ منظوری دے دی،
جس میں حجاج کرام کو کسی قسم کی سبسڈی نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رواں
سال ایک لاکھ 84ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے جس میں سرکاری حج
کوٹہ 60 فیصد، جبکہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کا کوٹہ 40فیصد رکھا گیا ہے ۔ اس
طرح ایک لاکھ 7 ہزار پاکستانی سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے
جبکہ 76 ہزار سے زائد عازمین پرائیویٹ سکیم کے تحت سعودی عرب جائیں گے۔
سرکاری سکیم کے تحت حج2019 ء کے لیے درخواستیں 20 فروری سے وصول کی جائیں
گی۔ پی ٹی آئی کی حکومت میں ملک میں جاری مہنگائی کے طوفان اور معاشی
بدحالی ،ڈ الر اور ریال کی قیمت میں مسلسل اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی
کی وجہ سے حج اخراجات میں بھی ہوشربا اضافہ کردیا گیا ہے ۔
حکومت نے حج اخراجات کو دو زونز میں تقسیم کیا ہے ، جس کے مطابق شمالی
زون کے حج اخراجات 4 لاکھ 36 ہزار 975 روپے اور جنوبی زون کے حج اخراجات 4
لاکھ 27 ہزار 975 روپے ہوں گے۔ واضح رہے کہ حج 2018ء میں سرکاری سکیم کے
تحت اخراجات 2 لاکھ 80 ہزار روپے سے 2 لاکھ 92 ہزار روپے تک تھے ،اس طرح
رواں سال حج اخراجات میں تقریباً ایک لاکھ پینتالیس ہزار روپے کا اضافہ ہوا
ہے۔ وزارت حج کے مطابق اس سال بھی 80 سال سے زائد عمر کے پاکستانی شہر ی
بغیر قرعہ اندازی حج ادا کر سکیں گے، جبکہ 3 سال سے مسلسل ناکام رہنے والے
10 ہزار عازمین بھی بغیر قرعہ اندازی حج پر جاسکیں گے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدہ کے مطابق سعودی حکام کا کہنا ہے
کہ زیادہ تر پاکستانی حجاج کو اولڈ منیٰ میں ٹھہرانے کی کوشش کی جائے
گی۔سعودیہ میں پاکستانی حجاج کی ٹرانسپورٹیشن کے لیے گاڑیاں صرف 2015ء سے
2019ء کے ماڈل کی ہوں گی جبکہ رہائش کے لیے عمارتوں میں کم از کم 2 لفٹیں،
انٹرنیٹ، وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائیگی ۔ پاک سعودی معاہدے کی روح سے
پاکستانی حجاج کو ای ویزہ دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور
نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ 2019ء کے حج کوانتظامات کے لحاظ سے مثالی
بنایا جائے گا ۔ مسئلہ وہاں پیدا ہوتا ہے جب پرائیویٹ ٹورزآپریٹرز غلط
بیانی سے کام لیتے ہیں۔ پرائیویٹ ٹوورآپریٹرز کو چاہئے کہ غلط بیانی کی
بجائے حجاج کو حقائق سے آگاہ کریں ، فاصلہ جتنا ہو اتنا ہی بتایا جائے اور
حجاج کرام کی تربیت درست اندازمیں کی جائے ۔ جبکہ علمائے کرام کو مساجد میں
حجاج کی تربیت کا اہتمام کرنا چاہیے۔
بلاشبہ حج اس لحاظ سے بڑی نمایاں عبادت ہے کہ یہ بیک وقت روحانی، مالی
اور بدنی تینوں پہلوؤں پر مشتمل ہے، یہ خصوصیت کسی دوسری عبادت کو حاصل
نہیں ہے۔ کسی بھی مسلمان کے سفر حج کا مقصد ایک فرض ادا کرنا ، اپنے ربّ کو
راضی کرنا، گناہوں کی معافی مانگنا ، اپنے نفس کو پاک کرنا اور اب تک کی
زندگی میں کئے جانے والے اعمال پر توبہ کرکے باقی عمر اسلامی احکامات کے
مطابق گزارنے کا عزم کرنا ہوتا ہے۔ مگر صد افسوس کہ گزشتہ دور حکومتوں میں
حج جیسے مقدس فریضے کی انجام دہی میں بھی حکومتی شخصیات نے کرپشن کے ریکارڈ
بنا کر اور حجاج کرام کو مشکلات سے دوچار کرکے کرپشن کی بدترین مثالیں
قائم کی ۔حج پہلے ہی سخت جدوجہد اور مشقت والی عبادت ہے ، حکومتی بد
انتظامی کے باعث حجاج کرام کو مشکلات سے دوچار کیا جاتا رہا ۔
موجودہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج 2019ء میں حاجیوں کی سہولیات کے
لئے کئے جانے والے اقدامات کے اعلانات تو کئے جارہے ہیں مگر حج اخراجات
میں ہوشربا اضافہ کرکے غریب اور متوسط طبقے کے پاکستا نیوں کے لیے مشکلات
پیدا کردی گئیں ہیں ۔ جبکہ ضروری تھا کہ بھر پور کوشش سے حج اخراجات میں
کمی لائی جاتی تاکہ سینے میں اللہ تعالیٰ کے گھر اور در مصطفی صلی اللہ
علیہ وسلم کے دیدار کی تڑپ رکھنے والے غریب پاکستانی بھی حج کی سعادت سے
محروم نہ رہتے اور فریضہ حج ادا کرسکتے ۔
0 Comments:
Post a Comment